پی ایل او کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے جنرل سیکریٹری اور محدود خود مختار انتظامیہ کے ترجمان نے بیت المقدس کے خلاف امریکی سازشوں پر خبردار کیا ہے۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی صفا کے مطابق پی ایل او ایگزیکٹیو کمیٹی کے جنرل سیکریٹری صائب عریقات اور محدود خود مختار انتظامیہ کے ترجمان نبیل ابوردینہ نے جمعے کو بیت المقدس کو صیہونی حکومت کا دارالحکومت تسلیم کرنے سے متعلق امریکی کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیت المقدس ایک اہم موضوع ہے اور اس سلسلے میں کوئی بھی غلط اقدام آگ بھڑکانے کے مترادف ہو گا۔
صائب عریقات نے کہا کہ بیت المقدس کو صیہونی حکومت کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا مطلب مسئلہ فلسطین کو نابود کرنا ہے۔
نبیل ابوردینہ نے بھی کہا کہ بیت المقدس کے خلاف امریکی سازشیں امن مذاکرات کے عمل کو تباہ کر سکتی ہیں جس کے نتیجے میں عدم استحکام کا ذمہ دار بھی امریکہ ہو گا۔
واضح رہے کہ روئٹرز نے مختلف امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ آئندہ بدھ کو بیت المقدس کو صیہونی حکومت کا دارالحکومت تسلیم کئے جانے کا اعلان کرنے والے ہیں۔