حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے غزہ کی پٹی کی بحرانی صورتحال کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آفت زدہ علاقہ تباہی کے دہانے پر ہے جو کسی بھی وقت آتش فشاں بن کر پھٹ سکتا ہے۔
اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے غزہ میں منعقدہ کل جماعتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کے عوام کو درپیش مسائل کسی بھی وقت کسی سنگین انسانی المیے کی شکل اختیار کر سکتے ہیں۔
انہوں نے اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انتہائی اہم موضوعات؛ قضیہ فلسطین، فلسطینیوں میں مصالحت امریکی صدر ڈنلڈ ٹرمپ کے نام نہاد امن منصوبے’صدی کی ڈیل‘ کو زیر بحث لایا اور کہا کہ غزہ تباہی کے دھانے پر ہے اور کسی کو خبر نہیں کہ اس خطرناک صورت حال کے نتائج کیا ہو سکتے ہیں۔
اسماعیل ہنیہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے تنازع فلسطین کے حوالے سے پیش کردہ مجوزہ امن پلان ’صدی کی ڈیل‘ کو مسترد کر دیا اور کہا کہ اس طرح کی نام نہاد امن اسکیموں کا مقصد قضیہ فلسطین کا تصفیہ کرنا اور صہیونی مفاد کو تقویت پہنچانا ہے۔