تہران - سپریم لیڈر حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے امریکیوں کی حالیہ ایران مخالف ہرزہ سرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ امریکی حکام جان لیں کہ وہ ہرگز ایرانی قوم کے خلاف اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے بلکہ ایرانی عوام اپنے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار قائد اسلامی انقلاب حضرت آیت اللہ العظمی 'سید علی خامنہ اینے گزشتہ روز تہران میں شہید سرحدی اہلکاروں کے اہل خانہ اور مقدس مقامات کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ایک ملاقات میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انہوں نے فرمایا کہ امریکی حکام اسلامی انقلاب کی فتح کے شروع سے ملک میں اسلامی جمہوری نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں مگر وہ ایرانی قوم پر طمانچے نہیں مارسکتے بلکہ ایرانی عوام ہی ان کے منہ پر طمانچے ماریں گے۔آیت اللہ خامنہ ای نے وطن عزیز کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مزید فرمایا ہمارے شہدا کو یہ حق ہے کہ عوام اور حکمران ان کی اور اور ان کے اہل خانہ کی قدر کریں۔انہوں ںے فرمایا کہ دشمنوں کی سازشوں کے باوجود وطن عزیز میں اسلامی انقلاب قائم اور دائم ہے، امریکی صدر کی ہرزہ سرائی کوئی نئی بات نہیں اور ایرانی قوم کے دشمن، ملک اور عوام کے خلاف کسی بھی طرح کی غلطی کرنے کی حیثیت نہیں رکھتے۔آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا کہ گزشتہ 38 سالوں سے امریکی حکام ایران میں نظام کی تبدیلی چاہتے تھے مگر وہ ہر بار اپنے عزائم میں ناکام ہوتے آرہے ہیں اور آئندہ بھی ناکام ہوتے رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وائٹ ہاوس کے نئے حکام ناتجربہ کار اور غیرپیشہ ور ہیں، اور یہ ناتجربہ کار اور غیرپیشہ ور افراد ایرانی قوم اور حکمرانوں کو اچھی طرح نہیں جانتے مگر جب وہ منہ پہ تمانچے کھائیں گے تب ان کو حالات سمجھ میں آجائیں گے۔سپریم لیڈر نے مزید فرمایا کہ امریکہ، ایران میں اسلامی انقلاب اور اسلامی نظام کا خاتمہ کرنے کی خواہش کو قبر میں لے جائے گا۔انہوں نے فرمایا کہ دشمن اور ہمارے مخلص دوست جان لیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ ڈٹ کر مقابلہ کرے گا اور دشمن طمانچے مارنے کی حیثیت نہیں رکھتا بلکہ ایرانی قوم ان کو منہ توڑ جواب دیں گے۔