اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سیاسی معاون جنرل رسول سنائی راد نے اسرائیل کی طرف سے اسلامی ممالک کو کمزور کرنے کی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام علاقائی بحرانوں اور دہشت گردی کے فروغ کے پیچھے اسرائیل کا ہاتھ نمایاں ہے۔ جنرل سنائی راد نے مسئلہ فلسطین کی اہمیت اور ایران کی طرف سے مسئلہ فلسطین کی حمایت کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہماری مسئلہ فلسطین پر نگاہ اصولی ، انسانی، اخلاقی اور اعتقادی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ فلسطینی عوام کو اسرائيل کے بہیمانہ ظلم و ستم کا سامنا ہے۔ امت مسلمہ کا ایک حصہ شدید مصائب اورسخت مشکلات میں گرفتار ہے اور یہی وجہ ہے کہ ایران کی مسئلہ فلسطین پر خاص توجہ ہے۔ مسئلہ فلسطین اسلامی مسئلہ ہونے کے ساتھ ایک انسانی اور اخلاقی مسئلہ بھی ہے۔ جنرل سنائی راد نے کہا کہ وہ مسلمان ہی نہیں جسے دوسرے مسلمانوں کی مشکلات دور کرنے کا احساس نہ ہو ۔انھوں نے کہا کہ فلسطینی مسلمان نہتے ہیں وہ پتھروں سے اسرائیلی گولیوں اور گولوں کا مقابلہ کررہے ہیں وہ اپنے وطن اور اپنے گھر کے حصول کی خاطر جد و جہد جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ اگر امریکہ اسرائیل کی غاصب اور ظالم حکومت کی حمایت کررہا ہے تو ہمارا بھی فریضہ ہے کہ ہم فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کریں ۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں دنیا بھر کے تمام مسلمانوں کے ساتھ ملکر فلسطین کی آزادی کے سلسلے میں تلاش و کوشش کرنی چاہیے۔ اسرائيل آج اسلامی ممالک میں عدم استحکام پیدا کررہا ہے اور علاقائی بحرانوں میں اسرائیل کا ہاتھ واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔