2685 muh 05/05/2020
حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے کہا کہ جرمنی کی جانب سے حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا فیصلہ متوقع تھا اور اس سے پہلے بھی کچھ یورپی حکومتوں نے ایسا اقدام کیا ہے جبکہ کچھ دوسری حکومتیں بھی ایسے اعلان کرسکتی ہیں۔
سید حسن نصر اللہ نے پیر کے روز اپنی تقریر میں کہا کہ جرمنی نے یہ فیصلہ امریکا کے دباؤ میں کیا ہے اور اس کا مقصد پورے علاقے میں حزب اللہ کو نشانہ بنانا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جرمنی کا فیصلہ، دراصل خطے میں اسلامی مزاحمتی محاذ کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ کا ایک حصہ اور خطے پر تسلط حاصل کرنے کی سازش ہے۔ حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ جرمنی نے حزب اللہ کے دہشت گرد تنظیم ہونے کا ایک بھی ثبوت پیش نہیں کیا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ ایک سیاسی کھیل ہے جس کا مقصد امریکا اور اسرائیل کو خوش کرنا ہے۔
سید حسن نصر اللہ نے جرمنی میں مقیم لبنانیوں کو مخاطب کر کے کہا کہ آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے،آپ پر عائد تمام الزامات بے بنیاد ہیں اور ان کا مقابلہ قانونی طریقوں سے کیا جاسکتا ہے۔ انھوں نے اسی طرح لبنانی حکومت سے تاکید کی کہ وہ جرمنی میں مقیم لبنانی شہریوں کی حمایت میں آگے آئے۔ حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے اس تنظیم کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے والے تمام ممالک اور تنظیموں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جرمنی کے اس فیصلے سے ہمارے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور ہم اس سازش کا مقابلہ کرتے رہیں گے۔
Imambara Ghufranmaab
Add : Maulana Kalbe Husain Road, Chowk, Lucknow-3 (INDIA)
مجلس علماء ھند پر شائع ہونے والی تمام نگارشات قلم کاروں کی ذاتی آراء پر مبنی ہیں۔ ادارہ کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔