مقبوضہ بیت المقدس:فلسطینی صدر محمود عباس نے امریکی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئےآج فلسطین میں ہڑتال اور مظاہروں کا اعلان کردیا۔
محمود عباس نے کہا کہ فیصلےسےمسئلہ فلسطین کومذہبی جنگ بنانےوالوں کوتقویت ملےگی،لگتاہےکہ امریکافلسطینی مسئلےکےحل کی کوششوں سےدستبردارہورہاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی فیصلہ2ریاستی حل کی پُرامن کوششوں پرپانی پھیردےگا۔
دوسری جانب فلسطینی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس فیصلے نے جہنم کے دروازے کھول دیئے ہیں۔ ویب سائٹ پر جاری بیان میں تنظیم کا کہنا ہے کہ عرب اور مسلم دنیا کو امریکا کے خلاف کھڑے ہوجانا چاہیے۔
پی ایل او نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ امریکی اعلان دو ریاستی حل کو تباہ کردےگا۔ادھر حزب اللہ نےکہاکہ جنوبی لبنان کی آزادی کیلیےمزاحمت کرتےرہیں گے،ڈونلڈٹرمپ کےاعلان سےثابت ہوگیاکہ امریکاکیلئےصرف اسرائیل اہم ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امریکی صدر کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں مذہبی آزادی کو یقینی بنایا جائے گا۔