ایمنسٹی انٹرنیشنل نے یمن میں سعودی جنگی جرائم کا نوٹس لیتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے یمن میں سعودی اتحادی افواج کے حالیہ فضائی حملوں اور جنگی جرائم کا نوٹس لیتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
مشرق وسطی کے معاملات میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر لین مالوف کا کہنا ہے کہ سعودی اتحادی کے یمن پر ہونے والے حالیہ حملے بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہیں۔ سعودی عرب یمن میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کا شکار ہوا ہے۔
گزشتہ دنوں اتحادی افواج نے صنعا پر فضائی حملہ کرکے 14 عام شہریوں کو شہید اور 10 کو شدید زخمی کردیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی اتحادی طیاروں نے گزشتہ ہفتے منگل اور بدھ کی درمیانی شب صنعاء کے مختلف مقامات پر 25 فضائی حملے کیے تھے جن میں ایک ہوٹل بھی شامل تھا جہاں سب سے زیادہ شہادتیں ہوئیں۔
سعودی اتحادی افواج نے صنعا کے ایک ہوٹل پر حملہ کرکے 60 سے زائد افراد کو شہید کردیا تھا۔
خیال رہے کہ دارالحکومت صنعاء سمیت اس ملک کے مختلف علاقوں پر سعودی اتحاد کی جانب سے ختم نہ ہونے والا ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں بے گناہ یمنی شہید یا زخمی ہوچکے ہیں۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق فروری 2014 سے اب تک یمن میں 10 ہزار سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں۔