انقلاب یمن کی اعلیٰ کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے سعودی عرب کی تمام تیل کمپنیوں کے کارکنوں کو کام جاری رکھنے پر خبردار کیا ہے۔ محمد علی الحوثی نے اپنے فیسبک پیج پر لکھا ہے کہ ہم سعودی تیل کمپنیوں میں کام کرنے والے کارکنوں سے اپیل کر تے ہیں کہ وہ جلد ہی اپنی جگہ چھوڑ دیں یا چھٹی پر چلے جائیں بصورت دیگر نتائج کے ذمہ دار وہ خود ہونگے۔انہوں نے مزید لکھا ہے کہ "انشاء اللہ ہم آل سعود کو حیران کر دینے والی ایک اور مہم شروع کر نے والے ہیں۔ ہم آل سعود اور اس کے اتحادیوں سے کہنا چاہتے ہیں کہ وہ جلد از جلد اپنے مظالم سے دستبردار ہو جائیں کیوںکہ یمنی عوام اب مزید ظلم برداشت نہیں کرے گی۔ یاد رہے کہ یمن فوج کی میزائل یونٹ نے گزشتہ ہفتہ کی شب سعودیہ کے ساحلہ شہر ینبع میں واقع تیل ریفائنری کو برکان 2 میزائل سے نشانہ بنایا تھا۔یمنی فوج کے ترجمان نے کہا تھا کہ اگر یمن پر سعودی حملے نہ رکے تو یمنی فوج بھی سعودی عرب کی تیل کمپنیوں کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کے رہائشی علاقوں کو بھی ہدف بنائے گی۔