ٹرمپ انتظامیہ سے مذاکرات ہرگز ممکن نہیں: ایرانی امام جمعہ
3239
M.U.H
03/08/2018
ایرانی دارالحکومت کے امام جمعہ نے عالمی سطح پر امریکی حکومت کی مسلسل خلاف ورزیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کی موجودہ انتظامیہ اور اس کے صدر کے ساتھ ہرگز مذاکرات ممکن نہیں۔
یہ بات علامہ 'کاظم صدیقی' نے آج تہران کے مرکزی نماز جمعہ میں شریک ہزاروں نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر انہوں نے دنیا کے مختلف علاقوں میں امریکی جرائم بالخصوص ویت نام، ہیروشیما اور ناگاساکی میں تاریخی مظالم کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ امریکی حکمران بھیڑیوں کے لباس میں انسان ہیں اور یہی لوگ تشدد، بربریت اور انسانیت کے لئے مشکلات کا مرکز ہیں۔
تہران کے امام جمعہ نے کہا کہ امریکی صدر کو انسان نہیں کہا جاسکتا وہ ایک بھیڑیا ہے جس نے خود کو انسان کی شکل میں ظاہر کیا ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب بھی بعض حلقوں مصر ہیں کہ وہ گزشتہ کی غلطیوں کو دہرائیں، ہم نے ایک بار جوہری معاہدہ کو آزمایا اور دیکھا کے مغربی فریق ہرگز مخلص نہیں بن سکتے ان کی نظر میں عالمی معاہدوں اور قراردادوں کی کوئی اہمیت نہیں لہذا ان سے مذاکرات فضول ہیں تاہم اگر مذاکرات کرنے کا دن بھی آجائے تو بھی موجودہ امریکی انتظامیہ سے اور اس کے موجودہ صدر سے کسی قسم کے مذاکرات ممکن نہیں۔