ہم امریکی دھمکیوں کا با آسانی جواب دے سکتے ہیں :سپاہ پاسداران
1238
M.U.H
26/07/2018
اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ نے ایرانی مسلح افواج کی توانائیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران تیل کے بارے میں امریکی دھمکیوں کا با آسانی جواب دے سکتا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل محمد علی جعفری نے ایرانی مسلح افواج کی توانائیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکی حکام کو ایران کی فوجی توانائیوں کے بارے میں علم ہوجائے تو وہ دھمکیاں دینا بند کردیں گے۔
جنرل جعفری نے 10 سوخو - 22 لڑاکا طیاروں کو سپاہ کی تحویل میں دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی فضائیہ نے سوخو - 22 طیاروں کی تعمیر نو کا فیصلہ کیا اور انہیں کارروائیوں کے لئے سپاہ کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔
جنرل جعفری نے ایران کی مسلح افواج کی توانائیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی مسلح افواج اپنی سرحدوں کا بھر پور دفاع کرنے کے لئے آمادہ ہیں اور تیل کے بارے میں امریکی دھمکیوں کا ایران بڑی آسانی کے ساتھ جواب دے سکتا ہے۔
ایران کے صدر حسن روحانی نے اتوار 22 جولائی کو کہا تھا کہ امریکہ کوایران کے تیل اور اقتصادی مسائل میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ امریکہ شیر کی دم سے کھیلنے کی کوشش نہ کرے۔
امریکی صد ٹرمپ نے پیر 23 جولائی کو کہا تھا کہ ایران دھمکیاں دینا بند کر دے۔