تہران : ایران کے صدر نے کہا ہے کہ جوہری معاہدے کو نقصان پہنچانے پر نئی امریکی حکومت تنہائی کا شکار ہوئی ہے جبکہ پوری دنیا اس معاہدے کی حمایت کرتی ہے اور یہ صورتحال ایران کی کامیابی کی علامت ہے۔ یہ بات صدر مملکت ڈاکٹر 'حسن روحانی نے گزشتہ روز تہران میں علمائے کرام کی مزاحمتی تنظیم کے سنیئر اراکین کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جوہری معاہدہ ایک مثالی فتح ہے جو قومی مفاہمت کے ذریعے طے پاگیا ہےاور اس کو ایرانی قوم اور سپریم لیڈر کی حمایت حاصل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جوہری معاہدے کے نفاذ سے اقتصادی اور معاشی ترقی کے لئے سنہری مواقع میسر ہوئے، عالمی پابندیوں کا خاتمہ ہوگیا اور مختلف ممالک کے ساتھ بینکاری، مالیاتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں مشترکہ تعاون کے لئے راہ ہموارہ ہوگئی ہے۔
صدر روحانی نے کہا کہ سیاسی طور پر امریکہ جوہری معاہدے کو نقصان پہنچانے کے لئے تنہائی کا شکار ہوچکا ہے جبکہ عالمی برادری بشمول یورپ اور گروپ 1+5 کے دیگر اراکین اس معاہدے کے حق میں ہیں اور وہ ایران کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے خواہاں ہیں لہذا یہ صورتحال وطن عزیز ایران کے لئے ایک اور کامیابی کی علامت ہے۔اس موقع پر انہوں نے چوتھے امام حضرت سجاد علیہ السلام کے یوم شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سائنس، ٹیکنالوجی اور توانائی کے لئے نامزد وزرا کو مجلس (پارلیمنٹ) کے سامنے متعارف کروادیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں علمائے کرام کے ساتھ تعاون اور باہمی مشاورت پر یقین رکھتی ہے۔