تہران - ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی انتظامیہ کی جانب سے مسلمانوں کے داخلے پر پابندی لگانے کے عمل سے امریکہ میں امن قائم نہیں ہوگا۔ 'محمد جواد ظریف نے منگل کے روز اپنے ٹویٹر پیغام میں مزید کہا کہ شام میں کشیدگی کو ہوا دینے داعش کے دہشتگردوں کو فائدہ ملے گا۔انہوں نے ریاست ہائے متحدہ امریکہ کو تجویز دی ہے کہ انتہاپسندوں کو مضبوط کرنے کی پالیسی کے بجائے ان عناصر کے خاتمے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں۔ ظریف نے کہا کہ شام اور عراق کے عوام نے داعش کے دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں نمایاں فتح حاصل کرلی ہے مگر امریکہ جھوٹے دعووں کی بنیاد پر داعش کے حق میں شام میں کشیدگی کو بڑھانا چاہتا ہے۔واضح رہے کہ امریکی سپریم کورٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے متعدد مسلم اکثریتی ملکوں کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر عائد کردہ پابندی کی جزوی بحالی کا حکم دے دیا ہے تاہم عدالت اس بارے میں اکتوبر میں تفصیلی سماعت کے بعد مفصل فیصلہ سنائے گی ۔