یمنی بحران دنیا کے لئے امتحان ہے:آیت اللہ موحدی کرمانی
3329
M.U.H
08/12/2018
ایرانی دارالحکومت کے امام جمعہ نے کہا ہے کہ یمن میں جاری انسانی بحران اور سعودیوں کے ہاتھوں نہتے عوام کا قتل عام دنیا میں انسانی حقوق کے علمبردار بالخصوص امریکہ اور مغربی ممالک کے لئے امتحان ہے۔
یہ بات آیت اللہ ''محمد علی موحدی کرمانی'' نے آج تہران کے مرکزی نماز جمعہ میں شریک ہزاروں نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری بالخصوص امریکہ اور مغربی ممالک جمہوریت، خودمختاری اور انسانی حقوق کا نام نہاد نعرہ لگاتے ہیں مگر وہ یمن میں سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک کے ہاتھوں ہزاروں عوام کے قتل عام پر خاموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یمنی عوام کے خلاف سعودی جارحیت میں امریکہ اور قابض صہیونی ریاست شریک ہیں جنہیں مغرب کی بھرپور حمایت بھی حاصل ہے لہذا انسانی حقوق کے دفاع میں ان کے دعوے جھوٹے ہیں۔
ایران کے مذہبی رہنما نے کہا کہ انسانی حقوق کے جھوٹے دعوے کرنے والے مغربی ممالک نے یمنی عوام کے جائز مطالبات کے جواب میں ان پر بم برسائے، بنیادون ڈھانچوں کو تباہ کردیا اور زمین و آسمان اور سمندر سے ان پر قیامت خیز جارحیت مسلط کردی۔
انہوں نے یمنی صورتحال کو بدترین انسانی بحران قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ آج یمن میں 22 ملین افراد کو فوری امداد کی ضرورت ہے مگر سعودیوں نے امریکی طیاروں کا استعمال کرتے ہوئے یمنیوں کو خاک و خون میں نہلایا ہے جبکہ امریکہ ایک مضحکہ خیز تماشا بنا کر ایران پر یمن کو میزائل فراہم کرنے کا الزام لگاتا ہے۔
تہران کے امام جمعہ نے دفترخارجہ اور سفارتی حلقے پر زور دیا کہ یمنی مسئلے کو عالمی سطح پر مزید موثر انداز میں اٹھائے تا کہ دنیا سعودیوں کے مظالم، امریکہ اور صہیونی جرائم کی مذمت کرے۔
انہوں نے ایرانی عوام کے خلاف امریکی سازشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج وطن عزیز ایران کے طلباء امریکہ کے خلاف مزاحمت کرنے علمبردار ہیں۔
آیت اللہ موحدی کرمانی نے کہا کہ ایرانی عوام کی بہادری اور بصیرت کے سامنے امریکی شکست کا تاریخی ریکارڈ ہے لہذا چاہئے اندرونی سازش ہو یا عالمی سطح پر، امریکہ کو ایرانی قوم کے سامنے ہمیشہ شکست ملے گی۔