صنعا: یمن کی مختلف جماعتوں نے جارح سعودی افواج کے مقابلے میں داخلی محاذ کی تقویت کے لئے یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے اقدامات کی حمایت کا اعلان کیا ہے اس درمیان یمن کی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے سعودی فوج اور اس کے اتحادیوں کے ٹھکانوں پر حملہ کر کے جارح قوتوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے۔
صنعا سے ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ یمن کی الکرامہ پارٹی نے جارح سعودی افواج کا مقابلہ کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ یمنی فورسز کو محاذ پر بھیجنے کے تعلق سے اعلی انقلابی کمیٹی کی درخواست کی حمایت کا اعلان کیا ہے- جنوبی یمن کی تحریک نے بھی غیر ملکی جارح قوتوں کے مقابلے میں قومی فورسز کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے یمنی عوام کی استقامت کو جاری رکھنے اور ملک کی داخلی مشکلات کو حل کرنے پر زور دیا ہے –۔
جنوبی یمن کی تحریک نے ملک کے جنوبی صوبوں سے یمنی عوام کی شناخت چھین لینے پر مبنی سازشوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی یمن کی تحریک کے کارکنوں کو محاذ جنگ پر انصاراللہ تحریک کے جوانوں کے ساتھ موجود رہنا ہو گا – یمن کی عرب سوشلیسٹ پارٹی البعث نے بھی داخلی محاذوں کی تقویت اور یمنی عوام کی استقامت و پامردی کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کی حفاظت پر زور دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ جارح قوتوں نے اپنی فوجی کارروائیوں میں شکست کھانے کے بعد اب یمن کے داخلی محاذوں اور یمنی گروہوں کے اتحاد کو نشانہ بنایا ہے۔
دریں اثنا یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے جارح افواج کے حملوں کے جواب میں صوبہ مارب کے علاقے صرواح میں سعودی فوجی ٹھکانوں پر حملہ کیا ہے- خبروں کے مطابق گھات لگا کر کئے گئے اس حملے میں سعودی فوج کے کئی ٹھکانے منہدم اور اس کے جنگی ساز و سامان کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے – موصولہ رپورٹوں کےمطابق تپہ المطار علاقے میں یمنی فوج کی غیر معمولی اور شاندار کارروائی میں سعودی فوج کے بہت سے اتحادی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کر دیا گیا ہے جبکہ متعدد غیر ملکی جارح فوجیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے – سعودی عرب نے امریکا کی حمایت سے مارچ دوہزار پندرہ سے اب تک یمن پر اپنی وحشیانہ جارحیتوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے جن میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ یمن کی بیشتر شہری تنصیبات تباہ ہو چکی ہیں – یمن پر مسلط کی گئی سعودی عرب کی جنگ میں ساٹھ لاکھ یمنی باشندے بےگھر ہوئے ہیں –۔