یمن کی اسلامی تنظیم انصار اللہ کے رہنما نے اپنے ایک خطاب میں اس ملک میں فرقہ بہائیت کی سرگرمیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی ریاست کی حمایت میں اس گمراہ کن فرقہ نے اسلام مخالف سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔
انصار اللہ کے سربراہ عبد الملک بدر الدین الحوثی نے یمن میں بہائیت کی سرگرمیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمنان اسلام نے فرقہ بہائیت کو اپنا آلہ کار بنا کر سافٹ وار کے ذریعے یمن کے عوام میں رخنہ اندازی کی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا: یمن ایک طرف سے سعودی اتحاد کی جارحیت کا سامنا کر رہا ہے جبکہ دوسری طرف سے امریکہ، یورپ اور اسرائیل کی پشت پناہی میں رچائی جانے والی فرقہ بہائیت کی اسلام دشمن سازشوں کا شکار ہے۔
سید عبد الملک بدر الدین الحوثی نے مزید کہا: شیطانی فکر کا مالک فرقہ بہائیت یمن میں اسلام پر کاری ضربت مارنے کی غرض سے بعض یمنیوں کو دین اسلام سے نکال کر کفر و ارتداد کی طرف لے جا رہا ہے۔
انہوں نے یمن میں فرقہ احمدیہ کو بھی بہائی فکر کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فرقہ بھی اسلامی مقدسات، پیغمبر اکرم اور دیگر انبیاء کی توہین کرنے میں فرقہ بہائیت سے مشابہ ہے۔انہوں نے تمام یمنیوں کو دین مبین اسلام کے زیر سایہ زندگی بسر کرنے کی طرف دعوت دیتے ہوئے باہمی اتحاد اور ہمدلی سے دشمنان اسلام کی سازشوں کو نقش بر آب کرنے کی تاکید کی۔