شہید سلیمانی، جنرل سلیمانی سے زیادہ خطرناک ہیں: سید حسن نصر اللہ
2081
m.u.h
18/01/2023
سلیمانی بین الاقوامی ادبی ایوارڈ کی تقسیم کے لئے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی کسی خاص مقام میں محدود کوئی شہید نہیں ہیں بلکہ وہ اس سے ماورا ہیں جس کے پیش نظر انہیں ایران، عراق، شام، فلسطین، یمن، افغانستان یا کہیں اور کا شہید نہیں کہا جا سکتا ہے، وہ ہر زمان و مکان کی قید سے ماورا عالمی اور بین الاقوامی سطح کے ایک شہید ہیں۔
حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی نے صیہونی حکومت کے پروجیکٹ کو ناکام بنانے میں بڑا بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل سلیمانی کے اندر کسی قسم کا خوف نہیں تھا اور وہ لبنان، فلسطین، غزہ، شام اور عراق میں اسرائیل، امریکہ اور داعش جیسوں کو شکست سے دوچار کرنے والے سبھی شہدا کے برخلاف اپنی شخصیت اور شہادت سے ساری دنیا پر اثر انداز ہوئے ہیں جبکہ دیگر شہدا کی تاثیر کا دائرہ اپنے اطرافیوں تک محدود رہا۔
انہوں نے قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ خامنہ کے اُس بیان کا بھی ذکر کیا جس میں انہوں نے فرمایا تھا کہ آج دشمن کے لئے "شہید" قاسم سلیمانی، "جنرل" قاسم سلیمانی سے زیادہ خطرناک ہیں۔ نصر اللہ نے اسکی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ شہید سلیمانی کی سرگرمیوں اور انکے اقدامات کے بہت سے پہلو انکی شہادت کے بعد منظر عام پر آئے اور دنیا والے ان سے مطلع ہوئے چونکہ انکی بہت سی سرگرمیاں میڈیا کی نظروں سے دور انجام پاتی تھیں۔
حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل نے شہید سلیمانی کو ایک ایسی کڑی قرار دیا جس نے دنیائے مزاحمت و استقامت میں مختلف مقامات پر سجنے والے محاذوں کو آپس میں جوڑ رکھا تھا۔
نصر اللہ نے خبردار کیا کہ اس وقت ایران عراق اور شام کو ناکامی سے دچار کرنے کے لئے امریکی سازشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امت اسلامیہ افرادی قوت کے اعتبار سے بہت غنی ہے اور یہ امت کبھی بھی کمزوری یا پسپائی کا شکار نہیں ہوگی اور وہ اپنے ہاتھ سے گنوا دینے والے قائدین کی جگہ کو پُر کرنے کی توانائی رکھتی ہے۔
حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے اپنے ملک کی اقتصادی ابتری کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ چند ماہ قبل ہم سے کہا گیا تھا کہ ہم ایران سے چھے مہینوں کے لئے ایندھن فراہم کریں تاکہ اُس کی مدد سے ملک میں آٹھ گھنٹے کی بجلی کی پیداوار کو یقینی بنا کر مشکلات کو حل کرنے کی زمین ہموار کی جائے، پھر اس درخواست کے بعد ہم نے ایران سے رابطہ کیا اور اُس نے بھی ایندھن فراہم کرنے پر اپنی رضامندی ظاہر کر دی۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ میں ایک بار پھر اس بات پر زور دینا چاہتا ہوں کہ لبنان کے لئے ایران کی جانب سے ایندھن کی فراہمی کا آپشن اب بھی پوری قوت کے ساتھ باقی ہے اور ہمارے پاس اب بھی ایندھن کے بحران کو حل کرنے کے لئے موقع ہے تاہم امریکہ اس راہ میں روڑے اٹکانے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے ملک میں امریکہ نواز سیاسی جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ جو امریکی اتحادی ہیں، آپ امریکہ سے اپنی قربت کا فائدہ اٹھائیں اور اُسے ایران سے ایندھن لینے کے معاملے کو مستثنیٰ کرنے کے لئے تیار کریں۔