ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے کہا ہے کہ دشمن کی تمام تر سازشوں کے باوجود ایران کی طاقت اور اثر و رسوخ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اپنے دفتر میں عید نوروز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی شمخانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی طاقت، تدبیر اور دانشمندی کے ذریعے، خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی امریکی، اسرائیلی اور سعودی سازش کو ناکام بناتا رہے گا۔
قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے ٹرمپ کو جنونی اور بچکانہ ذہنیت کا مالک قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ امریکی صدر ماضی کی پیچیدہ پالیسیوں کے برخلاف ایران کے خلاف بچکانہ اقدامات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خود کو سپر طاقت کہنے والے امریکہ کے لیے شرم کی بات ہے کہ اس کی قومی سلامتی کا مشیر ایسے شخص کو بنایا جائے جو ایک ایسے دہشت گرد گروہ کا پیڈ ورکر ہے کہ جس کے ہاتھ سترہ ہزار ایرانیوں کے خون سے رنگین ہیں۔
علی شمخانی نے کہا کہ امریکہ اقتصادی پابندیوں اور خطے میں فوجی مداخلت اور بحران پیدا کر کے ایران کو کمزور اور اس کے اثر و رسوخ کو روکنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن اس کے مقاصد پورے نہیں ہو سکے۔
ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے کہا کہ دشمن کی تمام تر سازشوں کے باوجود ایران کی طاقت اور اثر و رسوخ میں اضافہ ہوا ہے۔