ایران کے میزائل پروگرام کی ترقی روکنے والی نہیں: جنرل سلامی
3048
M.U.H
29/05/2018
تہران، 29 مئی- ایرانی پاسداران اسلامی انقلاب فورس (ائ،ار،جی،سی) کے نائب کمانڈر نے کہا ہے کہ ہمارے میزائل پروگرام کی ترقی روکنے والی نہیں اور نہ ہی کوئی ہم سے یہ چھین سکتا ہے.
یہ بات بریگیڈیر جنرل 'حسین سلامی' نے گزشتہ روز تہران میں ایک فوجی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کوئی ہم سے میزائل نہیں چھین سکتا اور اگر کسی کو ڈر ہے تو پناہ گاہوں میں چلا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج وطن عزیز اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت میں اتنا اضافہ ہوگیا ہے کہ امریکہ وزیر خارجہ اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے ایران سے 12 مطالبات کئے اور کہا کہ ایران خطے میں اپنے اثر و رسوخ کا خاتمہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ اس کا یہ مطلب ہے کہ امریکہ ہمارے سامنے بے بس ہے اور وہ یہ کہنے پر مجبور ہوگیا کہ ہم نہیں بلکہ ایران خود اپنی طاقت کو لگام دے۔
سنیئر ایرانی کمانڈر نے مزید کہا کہ ایران اپنی طاقت اور خطے میں اپنے اثر و رسوخ کا خاتمہ نہیں کرے گا کیونکہ ہماری نظر میں یہ اثر و رسوخ فیزکل نہیں بلکہ اسلام کی سوچ اور عقیدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج اسلامی ممالک ہمارے انقلابی جوانوں سے متاثر ہیں اور جیسا کہ بانی انقلاب حضرت امام خمینی (رح) نے فرمایا تھا امریکہ میں ایران کے خلاف کچھ کرنے کا دم نہیں لہذا وہ صرف ہماری ترقی کو دیکھتے رہیں۔
بریگیڈیر جنرل حسین سلامی نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا خیال تھا کہ وہ ایران جوہری معاہدے سے نکلنے کے بعد دنیا پر اپنی گرفت میں اضافہ کرے گا جبکہ معاہدے سے نکلنے کے اگلے دن مقبوضہ فلسطینی سرزمین میں صہیونیوں کو آگ میں دکھیلا گیا۔