غزہ کے خلاف مسلسل جرائم، اسرائیل کی وحشیانہ فطرت کی عکاسی ہے: سید حسن نصر اللہ
2009
m.u.h
11/11/2023
لبنان کی عوامی تحریک حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے یوم شہداء کے موقع پر اپنے خطاب میں قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ استقامتی محاذ کو ہر میدان میں کامیابی مل رہی ہے اور اگر آج لبنان اور فلسطین میں استقامتی محاذ کی طاقت ہے تو وہ یقینی طور پر ایران کے دلیر اور بہادر حکمرانوں کے منطقی موقف اور شہید قاسم سلیمانی کی عظیم قربانی کی وجہ سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اپنے ٹھوس موقف پر قائم ہے اور اگر استقامتی محاذ کی جانب سے امریکہ اور اسرائیل پر حملہ ہوتا ہے تو امریکہ ایران پر اس کا الزام عائد کر کے ایران کر دھمکی دیتا ہے۔
سید حسن نصراللہ نے کہا کہ طوفان الاقصی آپریشن جاری ہے اور استقامتی محاذ نے دشمن کے مختلف ٹھکانوں پر حملہ کیا اور دشمن پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوا اور استقامتی محاذ کی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔
حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ آج آپ کے بھائی اور بیٹے بلا خوف و خطر فرنٹ لائن پر جاکر دشمن کا مقابلہ کررہے ہیں اور وہ شہادت پسندانہ کارروائیاں نجام دے رہے ہیں اور اس سے پتہ چلتا ہے کہ ہمارے مجاہدین کتنے بہادر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لبنان کے محاذ پر استقامتی محاذ کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے اور استقامتی محاذ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حملہ آور ڈرون کا استعمال کیا گیا اور وہ 200 سے 500 کلو تک دھماکہ خیز مواد صیہونیوں پر گراتے ہیں اور اسرائیل نہیں بتا رہا کہ اسے اب تک کتنا جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ ان جرائم میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، یہ بڑے جرائم اسرائیل کی وحشیانہ انتقامی فطرت کی عکاسی کرتے ہیں۔
فلسطینیوں کی جانب سے طوفان الاقصیٰ آپریشن کے آغاز کے بعد حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل کی یہ دوسری تقریر ہے۔