ایران پر جنگ مسلط کرنے کی صورت ميں خطے میں امریکی فوج اور مفادات کا خاتمہ ہوجائےگا: نصر اللہ
2858
M.U.H
01/06/2019
حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے عالمی یوم قدس کے موقع خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ مسلط کرنے کی صورت میں خطے میں امریکی فوج اور مفادات کا خاتمہ ہوجائےگا جس کا تاوان سعودی عرب اور اسرائیل کو ادا کرنا پڑےگا۔
سید حسن نصر اللہ نے حضرت امام خمینی (رہ) کی طرف سے مسئلہ فلسطین کو زندہ رکھنے کے لئے عالمی یوم قدس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جب سے عالمی یوم قدس کا اعلان کیا گیا ہے اس دن سے لیکر آج تک مسئلہ فلسطین کے بارے میں امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور یکجہتی میں کئی گنا اضآفہ ہوگیا ہے ۔ امریکہ ، اسرائیل اور سعودی عرب کی گھناؤنی سازشوں کے باوجود یوم قدس کی بدولت مسئلہ فلسطین زندہ ہے اور ہمیشہ زندہ رہےگا۔
انھوں نے کہا کہ امریکہ نے اگر اسرائیل اور سعودی عرب کے اکسانے پر ایران کے خلاف جنگ مسلط کی تو امریکہ کو خطے میں اس کے تباہ کن نتائج کا سامنا کرنا پڑےگا اور اس کا تاوان سعودی عرب اور اسرائیل کو دینا پڑےگا ۔ انھوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ خطے میں سعودی عرب اور اسرائیل امریکہ کے دو مضبوط بازو ہیں اور یہ دونوں ممالک امریکہ کو ایران کے خلاف اکسا رہے ہیں۔۔ سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ ایران پر جنگ مسلط ہونے کی صورت میں خطے میں امریکی فوج اور امریکی مفادات کا خاتمہ ہوجائےگا۔