تہران - سعودی عرب نے 40 دن تاخیر کے بعد ایران کی سفارتی ٹیم کے اراکین کو ویزے جاری کردئے جس کے بعد سفارتی وفد ایرانی حجاج کے معاملات کو دیکھنے کے لئے آج سعودی عرب روانہ ہوگا۔ باخبر ذرائع کے مطابق، ایرانی سفارتکاروں کے لئے سعودی عرب کی جانب سے ویزے جاری کردئے گئے ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ایرانی سفارتی ٹیم نے یکم شوال کو سعودی عرب جانا تھا مگر سعودیہ کی جانب سے ویزوں کے اجرا کا عمل 40 دن تاخیر کا شکار ہوا۔ تفصیلات کے مطابق اس وفد میں شامل اہلکار ایام حج میں سعودی عرب میں تعینات ہوں گے جس کا مقصد ایرانی زائرین کو خدمات فراہم کرنا ہے۔
یاد رہے کہ اس سال 600 کاروانوں پر مشتمل ساڑھے 86 ہزار ایرانہ شہری حج کی سعادت حاصل کریں گے جن میں 40260 مرد اور 40336 خواتین شامل ہیں اور ان کو ملک کے 20 شہروں سے 335 پروازوں کے ذریعے سعودی عرب پہنچا دیا جائے گا۔ زائرین کو سعودی عرب بھیجنے کا آپریشن 30 جولائی سے شروع ہو کر 25 اگست تک جاری رہے گا۔