مزاحمت کے ہتھیار لبنانی قوم کی ثقافت اور عقیدہ کا حصہ ہیں:حسن نصر اللہ
2487
M.U.H
17/06/2020
حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے فلسطینی تنظیم جہاد اسلامی کے سابق سربراہ مرحوم رمضان عبداللہ کے انتقال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان عبداللہ شلح، مخلص ، صادق ، حکیم اور مدبر کمانڈر تھے۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ رمضان عبداللہ کے اندر امت مسلمہ کا درد تھا ، رمضان عبداللہ کا مزاحمت پر ایمان اور یقین تھا وہ مزاحمتی گروہوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کے سلسلے میں بہت زيادہ اہتمام کرتے تھے۔ ان کا مزاحمتی نظریہ صرف فلسطین تک محدود نہیں تھا بلکہ وہ امت مسلمہ کے درمیان تقریب اور اتحاد کے زبردست حامی تھے۔
سید حسن نصر اللہ مزاحمتی کماںڈر حاج ابو علی فرحات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ حزب اللہ کے بانیوں ميں تھے اور انھوں نے متعدد بار اپنی ذمہ داریوں کو بحسن و خوبی انجام دیا ۔
سید حسن نصر اللہ نے لبنان اور لبنانی عوام کے خلاف امریکہ کی گھناؤنی پالیسیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے لبنان کے خلاف سیاسی جنگ کے ساتھ اقتصادی جنگ بھی چھیڑ رکھی ہے اور ڈالر کی قیمت میں اضافہ لبنانی عوام کے خلاف امریکہ کی اقتصادی جنگ اور شیطنت کا حصہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ مزاحمت کے ہتھیار لبنانی قوم کی ثقافت اور عقیدہ کا حصہ ہیں۔ مزاحمت کے ہتھیار لبنانی قوم اور فوج کی طاقت اور قدرت کا مظہر ہیں ۔